حاجی ثناءاللہ کی ڈائری…!


(لکھنے والے کا لالاجی کو پتہ نہیں، لہٰذا نام درج نہیں کر رہا۔ اس کا کریڈٹ لالاجی کو نہیں جاتا۔ ہاں شئیر کرنے کے لئے گالیاں ضرور لالاجی کو دیں۔ آپ کو کچھ نہیں کہا جائے گا، نہ اس دنیا میں اور نہ اُس دنیا میں۔ لالاجی)
————————
…….معمول کے مطابق تہجد کے وقت آنکھ کھلی۔ زوجہ کو جگا کر "وظیفہ زوجیت ” ادا کیا۔ زوجہ تھکن کا بہانہ بنا کر پھر سوگئی۔ احمق عورت۔ اسی لیے جہنم عورتوں سے بھری ہوگی۔۔ نہ نماز نہ روزہ۔

” غسل جنابت” سے فراغت پا کر باداموں والے دودھ کے دو گلاس نوش کیے۔ تہجد اداکی۔ فجر تک کمر سیدھی کی۔

فجر ادا کرکے تھوڑی دیر کے لیے پھر آنکھ لگ گئی۔ آنکھ کھلی تو بچے سکول جاچکے تھے۔ہلکا پھلکا سا ناشتہ جو دو پراٹھوں، انڈوں کے خاگینے اور دیسی گھی کے حلوے پر مشتمل تھا، کیا۔

دکان پر جانے سے پہلے والدہ محترمہ کو سلام کرنے گیا۔ وہ شکایت کرنے لگیں کہ برآمدے میں گرمی لگتی ہے، پنکھا بھی نہیں ہے۔ بزرگ اور بچے میں کوئی فرق نہیں رہتا ، ہر وقت شکایت اور فرمائش۔ میں نے والدہ کی بات پر اللہ کے احکام کے مطابق اُف تک نہیں کیا اور خاموشی سے دکان کے لیے روانہ ہوگیا۔

صبح کے اوقات میں سڑکوں پر کافی رش تھا اور کچھ تاخیر بھی ہوگئی تھی۔

رستے میں دو جگہ اشارہ بھی توڑنا پڑا۔ ایک سائیکل والے کو ہلکی سی ٹکر بھی لگ گئی۔ اللہ کا لاکھ احسان کہ وہ گاڑی کے نیچے نہیں آیا۔ اللہ کریم کی مدد ہمیشہ شامل حال رہتی ہے۔ اگر وہ مر مرا جاتا تو بیٹھے بٹھائے لمبا خرچہ گلے پڑجاتا۔۔ الحمدللہ۔۔۔

دکان پر پہنچا تو فیقا دکان لگاچکا تھا۔ سارے دن میں اس نے بس یہی کام کرنا ہوتا ہے۔ صبح دکان کھول کے لگانا اور شام کو بند کرنا۔ یا گاہک کےساتھ ڈیلنگ کرنی۔۔ لیکن ان نیچ لوگوں کے نخرے ایسے ہیں کہ جیسے پوری دنیا سر پر اٹھائے چل رہے ہوں۔ دو ڈھائی سو تھان اٹھا کے باہر رکھنے اور پھر اندر رکھنے۔۔ یہ کوئی کاموں میں سے کام ہے؟ لیکن جب دیکھو ۔۔ شکایت۔۔پورے سات ہزار روپے ماہانہ صرف اس معمولی کام کے ملتے ہیں۔ ناشکرگذاری بھی کفر کے برابر ہوتی ہے۔ نام کے مسلمان۔۔ نہ توکل، نہ صبر نہ شکر۔

دکان میں داخل ہوتے وقت معمول کے مطابق، روزی میں برکت کے لیے سولہ دعائیں جو حضرت صاحب نے بتائیں تھیں ، وہ پڑھیں، اور ردّ بلا کے لیےدم کیا۔

فیقا معمول کے مطابق میرےگدّی پر بیٹھتے ہی چائے لینے چلا گیا۔ ہماری دکان کے ساتھ ہی ایک چائے والا ہے لیکن اسکی چائے اچھی نہیں ہوتی۔اس لیے تھوڑی دور سے چائے منگوائی جاتی ہے۔ یہی کوئی پیدل پندرہ منٹ کا راستہ ہے۔

حضرت صاحب کے خطبات کی کیسٹ لگائی۔ اللہ تعالی نے ان کو بے تحاشہ علم سے نوازا ہے۔ زبان میں جادو ہے۔ ہو نہیں سکتا کہ کوئی ان کا بیان سنے اور مرید نہ ہوجائے۔

حضرت صاحب بیان کررہے تھے کہ کیسے ایک دعا پڑھنے سے سب گناہ نہ صرف معاف ہوجاتے ہیں بلکہ نیکیوں میں بدل جاتے ہیں اور وہ بھی سو سے ضرب کھا کے۔ سبحان اللہ سبحان اللہ۔۔۔ اللہ تعالی کتنے رحیم اور معاف کرنے والے ہیں۔۔سبحان اللہ۔۔ سبحان اللہ۔۔۔

گیارہ بجے کے قریب پھر سے بھوک محسوس ہونے لگی۔۔ ناشتہ بھی برائے نام ہی کیا تھا۔ جیدا بڑے مزے کے سری پائے بنا تا ہے۔۔ نہ نہ کرتے بھی چار نان کھا گیا۔پھر دو سیون اپ کی بوتلیں پی کر کچھ سکون ہوا۔

اس دفعہ گرمی بھی کچھ جلدی شروع ہوگئی ہے۔ دکان کے اندر ایک چھوٹا سا ائیر کولر رکھا ہوا ہے۔

اے سی خود ہی نہیں لگوایا کہ ٹیکس والے، کُتّوں کی طرح بُو سونگھتے ہوئے آجاتے ہیں۔ ایسی فاسق و فاجر حکومت کو ٹیکس دینا بھی حرام ہے۔ کرپٹ اور بے ایمان لوگ۔ ا س سے تو بہتر ہے کہ فوج کی حکومت آجائے۔ یہ غازی یہ تیرے پُراسرار بندے۔۔۔
ائیرکولر کے سامنے بیٹھتے ہی اونگھ سی آگئی۔۔

آنکھ کھلی تو ظہر کا وقت قریب تھا۔بھاگم بھاگ مسجد پہنچا۔۔ طویل عرصے سے اذان دینے کا شرف بھی حاصل ہے۔ اللہ ..اللہ۔۔ …کیا روح پرور کیفیت ہوتی ہے۔

استنجاء کے لیے مسجد کے بیت الخلاء میں گیا تو وہ اوور فلو ہورہا تھا۔ بڑی مشکل سے کپڑوں کو نجاست سے بچایا۔ صفائی نصف ایمان ہے۔ اس کا ہمیشہ بہت خیال رکھناچاہیے۔

ظہر کی نماز سے فراغت کے بعد دوپہر کا کھانا کھایا۔ مرغ پلاو اور شامی کباب بھی اللہ تبارک و تعالی کی کیسی عمدہ نعمتیں ہیں۔۔ اور تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاوگے۔۔۔

کھانے سے فراغت کے بعد فیقے کو کہا کہ وہ بھی کھانا کھالے، وہ دوپہر کا کھانا گھر سے لاتا ہے۔ پتہ نہیں کیسی مہک ہوتی ہے اس میں کہ جی خراب ہونے لگتا ہے۔ اسی لیے اس کو منع کیا ہوا ہے کہ کھانا، دکان میں بیٹھ کر نہ کھایا کرے۔۔ بلکہ چائے والے کھوکھے کے سامنے پڑے بنچ پر بیٹھ کر کھالیا کرے۔ کھانا کھاتاہوئے بھی، ہڈ حرام، آدھ گھنٹہ لگادیتا ہے۔ ان جاہلوں کو یہ بھی نہیں پتہ کہ ایسے یہ اپنے رزق کو حرام کرتے ہیں۔ جہنم کا ایندھن۔
کھانے کے بعد قیلولہ کیا –

عصر سے پہلے مسجد میں حاضر تھا۔ اذان دینے کی سعادت حاصل کی۔ نماز سے فارغ ہوکے حضرت صاحب کے بتائے ہوئے ورد اور وظائف کرنے میں تقریبا ایک گھنٹہ لگ گیا۔

واپس دکان پر پہنچا تو فیقے نے بتایا کہ دو تین گاہک بھگتائے ہیں ۔ پوری توجہ سے بل چیک کیے اور دکان میں موجود مال کی گنتی کی۔ اعتبار کا دور نہیں ہے۔ خاص طور پر ایسے کمزور ایمان والے لوگوں کا تو بالکل اعتبار نہیں کرنا چاہیے۔ جو اللہ تبارک و تعالی کو دھوکہ دینے کی کوشش کرسکتے ہیں وہ ہمارے جیسے گنہگاروں کو کیسے بخشیں گے؟

مغرب کی نماز ہمیشہ گھر کے قریب مسجد میں ادا کرتا ہوں۔اسی مسجد کی مسجد کمیٹی کا پچھلے سات سال سے بلامقابلہ صدر بھی ہوں۔

مغرب کی نماز سے فارغ ہوکے گھر پہنچا تو بچے ٹی وی پر شاہ رخ خان کی فلم دیکھ رہے تھے۔ اچھا اداکار ہے۔ مجھے پسند ہے۔ ویسے بھی مسلمان ہے۔ اللہ اس کو اور کامیابیاں اور کامرانیاں عطا فرمائیں۔

رات کا کھانا، میں عشاء سے پہلے کھالیتا ہوں، یہی حکم ہے۔ بھنڈی گوشت بنا ہوا تھا۔ خوب سیر ہوکے کھانا کھایا۔ کھانے کے بعد خربوزے کھائے۔ بہت میٹھے نکلے ماشاءاللہ۔۔ حضرت صاحب نے ایک دفعہ بالمشافہ ملاقات میں بتایا تھا کہ خربوزے،” قوت باہ” کے لیے بہت مفید ہوتے ہیں۔ حضرت صاحب کی تین بیبیاں ہیں اور تئیس بچے۔ نظربددُور۔

عشاء سے فراغت کے بعد والدہ محترمہ کی خدمت میں حاضری دی۔ انکی سُوئی ابھی تک اسی پر اٹکی ہوئی تھی کہ۔۔” پُتّر ، برآمدے اچ پکھّا لوادے۔۔ بہوت گرمی لگدی اے مینوں۔۔۔”

٘میں نے دل میں سوچا کہ اس دفعہ "عمرے” سے واپسی پر یہ کام بھی ضرور کردوں گا۔ والدین کی خدمت میں ہی عظمت ہے۔

سونے کے لیے لیٹا تو زوجہ سے "حق زوجیت” کی ادائیگی کی خواہش ظاہر کی۔….. اس نے حسب معمول چوں چرا کی تو اسے سمجھایا کہ "کارثواب” پر چوں چرا کرنا”گناہ عظیم ” ہے اور دنیا آخرت کی بھلائی اسی میں ہے کہ مجازی خدا کی "خواہشات” پر اپنا آرام قربان کیا جائے۔

2014 in review


The WordPress.com stats helper monkeys prepared a 2014 annual report for this blog.

Here’s an excerpt:

The concert hall at the Sydney Opera House holds 2,700 people. This blog was viewed about 57,000 times in 2014. If it were a concert at Sydney Opera House, it would take about 21 sold-out performances for that many people to see it.

Click here to see the complete report.

آبی جارحیت کا چورن


hafiz-saeed-share-pakistanمنافقت کی دنیا میں حقائق اکثر مفادات کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔ ایسے ہی آج کل ہمارے ایک مہربان ہر وقت بھارت کی آبی جارحیت کا رونا روتے رہتے ہیں۔ حافظ سعید صاحب کا تعلق پہلے لشکرِ طیبہ سے تھا ، جب لشکرِ طیبہ کو عالمی سطح پر دہشت گرد جماعت قرار دے دیا گیا تو حضرت نے چولا بدلا اور جماعت الدعوۃ کے سربراہ بن گئے اور یہ معجزہ ہمارے بہت سے لبرل دوستوں کی آنکھوں کے تارے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے والے ہر دلعزیز جرنیل جناب پرویز مشرف کے دور میں پیش آیا۔ پھر جماعت الدوۃ پر بھی پابندی لگ گئی تو موصوف نے ایک بار پھر چولا بدلا اور فلاح ِ انسانیت فاؤنڈیشن کے سربرا ہ بن گئے۔

لشکرِ طیبہ/جماعت الدعوۃ /فلاح ِ انسانیت فاؤنڈیشن کا دانہ پانی کشمیر میں نام نہاد آزادی کی جدو جہد کی بنیاد پر چلتا ہے۔ چنانچہ موصوف کو ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی کوئی بھی کوشش پاکستان سے غداری نظر آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں شہباز شریف کی حکومت کی طرف سے باقاعدہ بجٹ میں ان کے ادارے کے لئے ہر سال لگ بھگ دو کروڑ روپیہ مختص ہونے کے باوجود نواز شریف کے ہندوستان سے دوستی کے سپنے کو ڈراؤنا خواب بنا دینے کی پوری کوشش کر تے رہتے ہیں۔

ان کے آقا بھی وہی ہیں جو حکومت کی واضح پالیسی کے باوجود جیو نیوز کو کیبل پر نہیں چلنے دے رہے۔ اور ان کے آقا بھی اس قدر طاقتور ہیں کہ پرویز مشرف کا دور ہو، آصف زرداری کا دور ہو یا اب نواز شریف کا ، امریکہ کا دباؤ ہونے کے باوجود ان پر کوئی ہاتھ ڈالنے کو تیار نہیں ۔ موصوف کو پرائیویٹ ٹی وی چینل (بشمول جیو) پرائم ٹائم میں پروجیکشن بھی دیتے ہیں۔

حضرت صاحب کافی عرصے سےبھارت کی طرف سے  آبی جارحیت کا راگ الاپ رہے ہیں ۔ آج کل کے سیلاب کے بعد یہ چورن انہوں نے زیادہ ہی زور و شور سے بیچنا شروع کر دیا ہے ۔Hafiz-Saeed-GEO2

دوستو!…بات یہ ہے کہ  اگر ہم موجودہ سیلاب کو ہندوستان کی طرف سے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت تسلیم کر لیں تو پھر ضلع جھنگ کو ضلع سیالکوٹ کے خلاف بھی رپٹ درج کرادینی چاہئے کہ سیالکوٹ نے آبی جارحیت کر دی؟ صوبہ سندھ کو جلد ہی پنجاب کے خلاف مقدمہ کر دینا ہوگا کہ پنجاب نے سندھ کے خلاف آبی جارحیت کر ڈالی؟ ۲۰۱۰ میں پختونخواہ نے پنجاب اور سندھ کو ڈبو دیا تھا؟  

دوسری بات یہ ہے کہ اگر بھارت آبی جارحیت کربھی رہا  ہے  تو کیا ہم بھارت کے خلاف جنگ کرکے اس مسئلے کو حل کر سکتے ہیں؟ یہ بات تو ہمارے بزرگوں کو پاکستان بناتے وقت سوچنی چاہئے تھی کہ اسلام کے قلعے کو پانی کہاں سے فراہم کریں گے؟ اگر اسلام کے قلعے کے سارے دریا سیکولر بھارت سے آتے ہیں تو پھر ہمیں بھارت کے ساتھ تعلقات درست رکھنے ہوں گے کہ نہیں؟ (ویسے ایک سوال تو یہ بھی بنتا ہے کہ بھارت سے آنے والا ہندو پانی  ہمیں اپنی مسلمان فصلوں کو دینا چاہئے بھی کہ نہیں؟ کیا اس ہندو پانی سے سیراب ہونے والی فصلیں مسلمانوں کے لئے حلال ہیں کہ نہیں؟)کیا ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ بھارت سے اپنی شرائط منوا سکیں؟ کیا یہ مذہبی جماعتوں والے مل کر باجماعت دعائیں کر کے دریاؤں کے رُخ موڑ سکتے ہیں؟

اگر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات بہتر ہوجائیں تواس سے بر صغیر کے ایک ارب سے زیادہ لوگوں کوفائدہ ہوگا۔ ہاں اُن لوگوں کے لئے یقیناً بڑی مشکل ہوگی جن کا دانہ پانی ہندوستان دشمنی کی بنیاد پر چل رہا ہے اور حافظ صاحب یقیناً انہی لوگوں میں سے ہیں۔ سو جب حافظ صاحب ہندوستان سے تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کو پاکستان کے ساتھ غداری کہتے ہیں تو ہمیں لگتا ہے وہ بس اپنے آپ  ہی کو پاکستان سمجھتے ہیں۔

سید احمد شہید کی تحریکِ مجاہدین … از ڈاکٹر مبارک علی


76895098—————–Compiled by: Shahab Saqib—————

 

نوٹ: یہ مضمون ڈاکٹر مبارک علی کی کتاب "المیہ تاریخ ” (اشاعت : ۲۰۱۲) سے لیا گیا ہے۔

کتاب: المیہ تاریخ 

باب: ۱۱

"جہاد تحریک”

—————————————————————-

سید احمد شہید ۱۷۸۶ء میں بریلی میں پیدا ہوئے ابتدائی تعلیم کے بعد  ۱۸  سال کی عمر میں ملازمت کی تلاش میں نکلے اور لکھنؤ آئے مگر انہیں ناکامی ہوئی اور ملازمت نہ مل سکی ۔ اس پر انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے دہلی میں شاہ عبدالعزیز کے مدرسے میں تعلیم حاصل کریں گے۔ ۱۸۰۶ء سے ۱۸۱۱ء تک انہوں نے دہلی میں قیام کیا ، اس کے بعد ۲۵ سال کی عمر میں امیر خان ،جو کہ ایک فوجی مہم جو تھے، کے ہاں ملازمت کرلی۔ اس سلسلے میں ان کے سیرت نگار یہ کہتے ہیں کہ امیر خان کے لشکر میں ملازمت کا مقصد یہ تھا کہ آپ عملی طور پر فوجی    تجربوں سے واقف ہوں تاکہ جہاد کی تیاری میں وہ کام آسکیں۔ لیکن حالات اس بات کی نشان دہی کرتے ہیں کہ آپ کی مالی حالت اچھی نہیں تھی اور آپ ملازمت کے لئے کوشاں تھے اوراپنےعہد کے نوجوانوں کی طرح آپ بھی امیر خان کے لشکر میں اس امید میں شامل ہوئے کہ اس طرح سے  مال  غنیمت   حاصل کرنے کے مواقع تھے۔ چونکہ یہ عہد فوجی مہم جوؤں کا تھا کہ جس میں وہ اپنی فوجی طاقت و قوت کے بل بوتے پر علاقوں پر قبضہ کرکے اپنا اقتدار قائم کرلیتے تھے    اس لئے ہوسکتا ہے کہ آپ نے یہ منصوبہ بنایا ہو کہ اپنی  ایک جماعت تیار کرکے مذہبی بنیادوں  پر کسی علاقے پر قابض ہو کر وہاں اپنا اقتدار قائم کریں۔ انہوں نے امیر خاں کی ملازمت میں سات سال گزارے اور یہ وقت امیر خان کو سمجھنے کے لئے کافی تھا کیوں کہ وہ محض لوٹ مار کی غرض سے جنگیں کرتا تھا اور اس کے سامنے کوئی بڑا اور واضح مقصد نہیں تھا۔ انہو ں نے امیر خاں کی ملازمت کو اس وقت چھوڑا جب   ۱۸۱۷ء  میں اس کی برطانوی حکومت سے صلح ہوگئی۔ اس کی ملازمت میں اس وقت تیس ہزار سپاہی ملازم تھے وہ صلح کے  بعد   بے روزگار ہوگئے۔ انہیں بے روزگاروںمیں سید احمد شہید بھی شامل تھے۔ملازمت کے خاتمے کے بعد دہلی آئے اور یہاں سے انہوں نے اپنی تحریک کا آغاز کیا اس میں ان کے ساتھ ولی اللہ خاندان کے دو اراکین شامل ہوئے۔ اسماعیل شہید  (۱۸۳۱-۱۷۷۱) اور مولوی عبدالحئی (وفات ۱۸۲۸)۔

اس تحریک کی ابتداء اس سے ہوئی کہ توحید کا تصور جو مسخ ہوگیا ہے، اسے دوبارہ مسلمانوں میں خالص  اور  اصل شکل   میں راسخ کیا جائے اور جن عوامل نے اسلام کو کمزور کر دیا ہے انہیں دور کیا جائے ۔ ان میں ہندو رسومات اور جھوٹے صوفی اور شیعہ عقائد خصوصیت سے قابل ذکر تھے ۔ اپنی تحریک کو روشناس کرانے کی غرض سے آپ   نے  ۱۸۱۸  اور ۱۸۱۹ء میں دوآبہ کے علاقوں کا دورہ کیا اور غازی آباد، مراد نگر، میرٹھ، سدھانہ، کاندھیلہ، پھولت، مظفر نگر، دیوبند، گنگوہ، نانوتہ، تھانہ بھون، سہارنپور، روھیل، کھنڈ، لکھنؤ اور بریلی گئے۔    ۱۸۲۱ء  میں انہوں نے ایک جمیعت کے ساتھ حج  کیا ، اس کا مقصد یہ تھا کہ ہندوستان میں اس اہم رکن کا احیاء کیا جائے۔ کیوں کہ سمندروں پر یورپی اقوام کے قبضے اور بحری سفر کی مشکلات کی وجہ سے بہت کم ہندوستانی مسلمان حج پر جایا کرتے تھے اور ان حالات کے پیش نظر کچھ علماء نے یہ فتویٰ دے دیا تھا کہ ان حالات میں حج فرض نہیں  ہے۔ اس لئے سید احمد شہید نے حج کے اہم رکن کو دوبارہ نافذ کرکے مسلمانوں کی شناخت کو اجاگر کیا۔۔  ۱۸۲۳ء  میں حج سے واپسی کے بعد آپ نے ایک بار پھر ہندوستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جیسا کہ آپ کی سیرت کی کتابوں میں لکھا ہے کہ لوگ جوق در جوق بیعت کرکے آپ کی تحریک میں شامل ہوئے۔  اس لئے یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان کی تحریک کے وہ کون سے مقاصد تھے کہ جن سے لوگ متاثر ہوئے۔

اٹھارویں اور انیسویں صدی کا ہندوستان سیاسی و معاشی اور معاشرتی طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا۔ ۔ مغل  سلطنت   کی مرکزیت ختم ہوچکی تھی۔ صوبائی طاقتیں خود مختار ہوکر خانہ جنگیوں میں مصروف تھیں۔ انگریز آہستہ آہستہ ہندوستان میں اپنے قدم جما رہے تھے۔ مسلمان معاشرے میں امراء اور علماء اپنی مراعات کو کھونے کے بعد عدم تحفظ کا شکار تھے۔ اگرچہ ایک عام مسلمان کے لئے ان حالات نے کوئی تبدیلی پیدا نہیں کی تھی، وہ پہلے ہی سے سماجی طور پر پسماندہ تھا اور اس کے پاس بگڑتے ہوئے حالات میں کھونے کے لئے کچھ نہ تھا۔ اس لیے امراء اور علماء  مغل   حکومت    کے سیاسی استحکام کے خاتمے کے بعد ذہنی طور پر انتشار کا شکار تھے جس کا اثر ہندوستان کے پورے مسلمان معاشرے پر پڑ رہا تھا اور اس احساس کو پیدا   کیا جارہا تھا کہ مسلمان زوال پزیر ہو کر ختم ہورہے ہیں۔ اس احساس کو اور زیادہ    بڑھانے  میں وہ حالات تھے جن میں ملازم  ملازمت کرتے تھے۔ وہ سیاسی طاقت کے  زوال   کے ساتھ ختم ہوچکے تھے اور اگر تھے تو آمدنی کے ذرائع محدود ہونے کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوتی تھی۔ ان حالات میں مسلمان ان فوجی مہم جوؤں کے جتھوں میں شامل ہوگئے کہ جو ہندوستان بھر میں لوٹ مار کرنے کی غرض سے  پھرا  کرتے  تھے یا معاوضے پر حکمرانوں کی جانب سے ان کے دشمنوں سے جنگ لڑتے تھے۔ لیکن جب انگریزی اقتدار بڑھا تو انہوں نے ان جتھوں کو بھی ختم کرنا شروع کردیا۔ ان ہی میں سے اک جتھہ امیر خان     (وفات۱۸۳۴ء)  کا تھا کہ جس نے انگریزوں سے صلح کرکے ٹونک کی ریاست لے لی۔ لہذا اس صورت حال نے مسلمان فوجیوں میں بے روزگاری کو پیدا کیا ان فوجیوں کے ساتھ ان مولویوں اور علماء کا طبقہ تھا جو مدرسوں سے فارغ التحصیل ہوکر نکل رہے تھے اور جن کے لئے ملازمتوں کے مواقع محدود تھے۔

ان حالا ت میں کہ جب معاشرے کو  سدھارنے   کے تمام وسائل ختم ہوچکے تھے حکومت ہاتھوں سے نکل چکی تھی۔ جاگیروں پر قبضہ کمزور پڑ چکا تھا، اس وقت عدم تحفظ کا احساس دل میں جاگزیں تھا، ذہن کھوکھلا اور  خیالات   پراگندہ تھے، مستقبل سے مایوسی تھی، اس لئے اگر اس زوال اور مایوسی کے دور میں کوئی ایسی تحریک  اٹھے  کہ  جس میں مستقبل کی امید ہو اور جس میں حالات کو سدھارنے کی خوش خبری ہو  تو   یہ      مایوس دلوں میں ایک نیا ولولہ ، جذبہ اور جوش پیدا کردیتی ہے۔ماضی کا شاندار تصور ہمیشہ انسان کے ذہن میں زندہ و تابندہ رہتا ہے اور یہ قصہ کہانیوں  کے  ذریعے    نسل درنسل منتقل ہوتا رہتا ہے۔ وہی جذبات احیاء کی تحریکوں کو تقویت دیتے ہیں۔

اس لئے سید احمد شہید کی تحریک نے اس بے مقصدیت کے ماحول میں لوگوں کو ایک مقصد دیاا ور متوسط طبقے کی زندگی میں جو ایک خلا تھاا سے پر کیا۔ ان کے معتقدین کی اکثریت کا تعلق متوسط طبقے سے جو شہروں اور قصبوں میں رہتے تھے۔ انہوں نے جگہ جگہ سید احمد شہید کا استقبال کیا اور ان کی دعوتیں کیں، اور ان موقعوں پر سید احمد اور اسماعیل شہید کے وعظوں کے ذریعے لوگوں میں جوش و خروش پیدا کرنے کی کوشش کی۔ کیوں کہ لوگوں کی زندگی روزمرہ کے معمولات سے آگے نہیں بڑھی تھی۔ اس تحریک نے اس جمود کو توڑا اور اس میں شمولیت کے ذریعے انہوں نے خود کو عملی طور پر ایک بڑے مقصد کے لئے تیار پایا۔ اس تحریک نے  ان  میں دوبارہ سیاسی طاقت حاصل کرنے کی آرزو کو پیدا کیا۔ علماء اور متوسط طبقے کے لوگ اس امید  پر  اس  میں  اس  لئے شامل ہوئے تاکہ وہ اپنی مرضی کی حیثیت کو دوبارہ بحال کرسکیں۔

ہر تحریک کا سربراہ اس بات کی کوشش کرتا ہے کہ اپنے پیروکاروں کی ایک برادری تشکیل دے اور ان میں رسومات اور نظریات  کے ذریعے ایسا جذبہ پیدا کرے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ متحد ہوجائیں۔ ان کی کوشش یہ تھی کہ مسلمانوں کی شناخت کو اس طرح سے اجاگر کیا جائے کہ ان سے نہ صرف ہندو رسومات خارج ہوں بلکہ شیعہ عقا ئد اور صوفیانہ اثرات کا بھی خاتمہ ہو، تاکہ وہ متحد ہو کر جدوجہد کرسکیں۔ لیکن مسئلہ یہ تھا کہ یہ جدوجہد کس کے خلاف ہو؟ اس مرحلے پر یہ سوال پیدا ہوا کہ کیا ہندوستان انگریزی قیام کے بعد دارالحرب ہے یا دارالسلام…!  اگرچہ اس وقت  مغل بادشاہ ہندوستان کا سربراہ تھا لیکن عملی طور پرکنٹرول ایسٹ انڈیا کمپنی کا تھا، انتظامیہ اس کے ماتحت تھی اور اسی کے احکامات کا نفاذ ہوتا تھا ۔اگرچہ کمپنی کی حکومت میں مسلمانوں کو پور ی مذہبی آزادی تھی مگر اس مذہبی آزادی کے باوجود کچھ علماء کے نزدیک ہندوستان دارالحرب بن گیا تھا، کیونکہ دارالحرب بننے میں یہ تھا کہ کا کافرانہ رسومات کو بغیر خوف اور جھجک کے نافذ کیا جائے اور ایسی صورت حال پیدا ہوجائے کہ کوئی مسلمان اور ذمی امن و امان کے ساتھ نہ رہ سکے۔ اور مسلمان اگر زمیوں کے حقوق کی حفاظت نہ کرسکے تو اس صورت میں وہ علاقہ دارالسلام رہے گا جب تک کہ مسلمان مغلوب نہ ہوجائے اور کافر فتح یاب نہ ہوجائیں۔ اس کے بعد اگر کافر مسلمانوں کو مذہبی آزادی دے دیں اور انہیں امن و امان سے رہنے دیں ، تب بھی وہ علاقہ دارالحرب رہے گا۔ اس لئے ہندوستان دارالحرب تو تھا مگر چونکہ مسلمانوں کو مذہبی آزادی تھی اس لئے ان کے علاقے سے ہجرت ضروری نہیں تھی۔

اس کے برعکس کچھ علماء کا یہ خیال تھا کہ جب تک کوئی اسلامی قانون اور رواج باقی   رہتا    ہے   اس وقت تک علاقہ دارالسلام ہے، یہ دارالحرب اس وقت بنتا ہے جب کہ اسلام کو اس علاقے سے بالکل مٹا دیا جائے۔اس سے یہ مسئلہ پیدا ہوا کہ اگر کوئی علاقہ دارالحرب ہے تو اس میں مسلمانوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس علاقے میں ہجرت کر جائے جو کہ دارالسلام ہے یا    وہ جہاد   کریں اور اس کے ذریعے دارالحرب کو دارالسلام بنائیں۔ شاہ ولی اللہ کی دلیل تھی کہ دارالحرب سے دارالسلام ہجرت کرنا لازمی ہے جو ایسا نہیں کرے گا ۔ وہ گناہ کا مرتکب ہوگا۔ جب جاٹوں، سکھوں اور مرہٹوں نے مغل علاقوں پر قبضہ کرلیا تو انہیں باغی سمجھا گیا اور مقبوضہ  علاقے دارالسلام  رہے۔ اس طرح شاہ ولی اللہ کے نقطہ نظر سے ہندوستان میں مسلمانوں کی جنگیں جہاد تھیں اور خود مختار ہندو ریاستیں باغی تھیں۔ انھوں نے ان باغی ریاستوں کے ساتھ جنگ کو جہاد کہنا چھوڑ دیا تو اس کا مطلب ہے کہ مسلمان گائے کی دموں کے پیچھے چلے گئے یعنی ہندوؤں کے ساتھ تعاون کیا۔(۲۵)

سید احمد شہید کے زمانے میں صورت حال یہ تھی کہ ہندوستان میں برطانوی راج تھا ، مسلمان ریاستوں کے حکمران برطانوی حکومت کے وفادار تھے، اور مسلمانوں کا کوئی امام اور خلیفہ نہیں تھا کہ جو جہاد کا اعلان کرتا۔ اس لئے فیصلے کا اختیار مسلمان معاشرے کے مختلف طبقوں کو تھا، اس لئے جنہیں برطانوی اقتدار سے فائدہ تھا نہوں نے اسے دارالسلام قرار دیا اور جنہیں نقصان ہوا تھا انہوں نے دارالحرب ۔ سید احمد اور فرائضی تحریک کے پیرو کاروں کے لئے ہندوستان دارالحرب تھا اور اس لئے مسلمانوں کے لئے جہاد لازمی تھا ۔۔(۲۶)

”صراط مستقیم” میں کہا گیا ہے کہ:

                                ”موجودہ ہندوستان کا بڑا حصہ دارالحرب بن چکا ہے، اس کا مقابلہ دو سو تین سو برس پہلے کے ہندوستان سے کرو آسمانی برکتوں کا کیا حال تھا۔”(۲۷)

اس بیان میں ان کااشارہ عہد سلاطین اور مغل دور حکومت کی جانب تھا جب ہندوستان میں مسلمان حکومت سیاسی و فوجی لحاظ سے طاقت ور تھی اور ہندوؤں کے مقابلے میں وہ برابر کامیاب ہورہی تھی۔ خراج کی آمدنی اور ٹیکسوں کی بہتات تھی، ارباب اقتدار خوش حال اور فارغ البدل تھے۔ لیکن کیا اس عروج کے زمانے میں مسلمان عوام جن میں کسان، کاشت کار اور دست کار شامل تھے، بھی خوش حال تھے؟ اس سوال کا جواب اس کتاب میں نہیں ملتا ہے ،کیونکہ اس کے مخاطب مسلمان امراء اور جاگیردار تھے جو کہ مرہٹوں، سکھوں، جاٹوں اور انگریزوں  کے   اقتدار      میں آنے کے بعد مراعات و فوائد سے محروم ہوگئے تھے اس لئے ان میں جہاد کے فوائد بیان کرکے انہیں متحرک کرنے کی کوشش کی گئی اور لکھا کہ :

                          "آسمانی برکتوں کے سلسلے میں روم اور ترکی سے ہندوستان کا مقابلہ کرکے دیکھ لو۔”(۲۸)

اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس وقت ہندوستان کے مسلمانوں کی دنیا کی تاریخ و جغرافیہ اور خود اسلامی ممالک کے بارے میں معلومات محدود تھیں، ترکی اور روم دو ملک نہیں ، ایک ہی ملک تھا جو اس وقت سلطنت عثمانیہ کہلاتا تھا۔ انیسویں صدی میں ترکی ایک زوال پذیر سلطنت تھی جو خود  اپنے   گناہوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی تھی۔ لیکن ہندوستان کا مسلمان جو سلطنت عثمانیہ سے ناواقف تھا، اس کے لئے وہاں خدا کی رحمتوں کا نزول ہورہا تھا۔

چونکہ سید احمد کی تحریک کی بنیاد جہاد پر تھی اس لئے صراط مستقیم میں اس پر تفصیل سے لکھا گیا ہے تاکہ لوگوں میں جذبہ پیدا ہو۔

                  ”باقی رہے خصوصی فوائد تو شہدائے مومنین، مسلمان مجاہدین، صاحب اقتدار سلاطین اور میدان کارزا ر کے جو مردوں کو فوائد پہنچتے ہیں۔ ان کی تفصیل کی ضرورت نہیں "۔(۲۹)

جب جہاد کے لئے عمل کا وقت آیا تو اس وقت مسلمان والیان ریاست اور جاگیر  دار    طبقے نے ان کی مالی امداد تو کی مگر جہاد کے لئے ان کے ساتھ جانے کے لئے تیار نہیں ہوئے۔ ان  کے  ساتھ   جو   ۷ ہزار مجاہدین کی تعداد تھی ان میں اکثریت علماء کی تھی یا پھر متوسط طبقے کے لوگ تھے جو اس امید میں شامل ہوئے تھے کہ انہیں ثواب اوار مادی فوائد دونوں حاصل ہوں گے۔ ان کی تحریک کی کچھ والیان ریاست نے ضرور مدد کی جن میں ٹونک، رامپور، اور گوالیار کی ریاستیں قابل ذکر ہیں اور یہ امداد انہوں نے یقیناً اس وجہ سے کی کہ  انہیں انگریزی حکومت کی ناراضگی کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔ ورنہ ان میں سے کوئی بھی انگریز کی مرضی کے بغیر انہیں  مالی مدد نہ دیتا۔

ایک سوال اور پیدا ہوتا ہے کہ آخر انہوں نے سکھوں سے جہاد کا فیصلہ کیوں کیا؟ اس کے پس منظر میں کئی وجوہات تھیں ، انگریزی عمل داری میں وہ جہاد اس لئے نہیں کرسکتے تھے کہ انگریز سیاسی لحاظ سے طاقت ور تھے اور ان کے خلاف کامیابی کے کوئی امکانات نہیں تھے اور نہ انگریزوں کے خلاف جہاد میں انہیں کسی قسم کی مالی امداد مل سکتی تھی۔

سکھوں کے خلاف جنگ کے لئے انہوں نے سرحد کے علاقے کو اس لئے اختیار کیا کہ شمالی ہندوستان میں پٹھانوں کے بارے میں عام تاثر ہے کہ وہ بڑے مذہبی جنگ جو، اور مذہب کی خاطر   جان   دینے  والے ہوتے ہیں۔ اس لئے سید احمد اور ان کے پیرو کاروں کا شاید یہ خیال ہو کہ چونکہ ان کی تحریک خالص مذہبی ہے۔ اس لئے جیسے ہی وہ اپنا منصوبہ ان کے سامنے رکھیں گے پٹھان فوراً ان کا ساتھ دینے کے لئے تیار ہوجائیں گے اور ان کی مدد سے وہ سکھوں کے خلاف موثر طور پر لڑ سکیں گے۔ چونکہ یہ جنگ مذہب کے لئے ہوگی، اس لئے پنجاب کے مسلمان بھی ان کا ساتھ دیں گے۔

جہاد تحریک میں جو لوگ شامل تھے ان میں جوش ، ولولہ، اور سادگی تھی اور انہیں یہ امید تھی جس طرح قرون اولیٰ کے مسلمانوں نے اپنی قلیل تعداد کے باجود عراق و ایران  کو   فتح                    کرلیا تھا اسی جذبے کے تحت وہ بھی سکھوں کو شکست دے دیں گے اور جس طرح بکھرے ہوئےعرب قبائل مذہبی طور پر متحد ہوگئے تھے اسی طرح پٹھان قبائل بھی ایک جگہ جمع ہوجائیں گے۔

اسی لئے سید احمد شہید نے سکھوں کے خلاف جہاد کو ایک مرکز بنایا تاکہ اپنے پیروکاروں کو  اس   پر    جمع کرسکیں، انہوں نے سکھوں سے جنگ کو ایک الہیٰ حکم قرار دیا جس  کا  اظہار انہوں نے اپنے ایک مکتوب میں اس طرح سے کیا ہے۔

”اس فقیر کو پردہ غیب سے کفار یعنی لانبے بالوں والے سکھو ں کے استیصال کے لئے مامور کیا گیا ہے                   جس میں شک و شبہ کی گنجائش نہیں ، رحمانی بشارتوں کے ذریعے نیک کردار مجاہدین کو ان پر غلبہ پانے کی                    بشارت دینے والا مقرر کیا گیا ہے لہذاٰ جو شخص آج اپنی جان و مال عزت اور وجاہت کو اس پاک پروردگار کے               کلمے اور سنت رسول کو زندہ کرنے میں بطیب خاطر خرچ نہیں کرے گا اس سے کل ضرور جبراً   مواخذہ کیا جائے گا اور اس کو سوائے حسرت و ندامت کے کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔”(۳۰)

سکھوں سے جہاد کا جواز فراہم کرنے کے لئے جو باتیں کہی گئیں ہیں وہ اس قسم کی تھیں کہ وہاں مسلمانوں کو  مذہبی   آزادی نہیں ، مساجد میں گھو ڑے باندھے  جاتے ہیں،   اذانیں بند ہیں ، قرآن کی بے حرمتی کی جاتی ہے اور سکھوں نے مسلمان عورتوں کو زبردستی اپنے گھروں میں ڈال رکھا ہے۔ ان میں سے کچھ باتیں صحیح تھیں اور متعصب سکھوں کی جانب سے مذہبی تعصب کا اظہار ہوتا ہے۔ لیکن بحیثیت مجموعی رنجیت سنگھ کی حکومت میں رواداری کا جذبہ تھا اس کی انتظامیہ اور فوج میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد تھی، ان کے مذہبی معاملات میں حکومت مداخلت نہیں کرتی تھی اور ان کے فیصلے شریعت کے مطابق ہوتے تھے۔ اس لئے پنجاب کے مسلمانوں نے  سید احمد   شہید    کا ساتھ نہیں دیا، اس کے برعکس سکھوں کی فوج میں مسلمانوں بڑی تعداد میں تھے جو ان سے جنگ لڑے، بلکہ ساتویں جنگ میں درانی پٹھان زیادہ تھے اور سکھ بہت کم تھے۔۔(۳۱)

سید احمد شہید اور ان کے ساتھیوں نے ۱۸۲۵ میں اپنا سفر شروع کیا، اور راجپوتانہ ، مارواڑ، سندھ ،    بلوچستان    اور افغانستان سے ہوتے ہوئے سرحد کے علاقے میں داخل ہوئے اور یہاں سے انھوں نے رنجیت سنگھ کو یہ پیغام بھیجا کہ یا تو مسلمان ہو جاؤ، جزیہ دو یا جنگ کرو اور یہ یاد رکھو کہ جنگ کی صورت میں یاغستان ہندوستا ن کے ساتھ ہے۔

سید احمد کی پہلی جنگ ۲۱ دسمبر ۱۸۲۶ کو بقام اکوڑہ ہوئی اور اس میں نہ صرف انہیں کامیابی ہوئی بلکہ مال غنیمت بھی ہاتھ آیا، اس کامیابی نے ان کے حوصلے بڑھا دئے اور سرحد کے قبائل میں اس فتح نے ان کے اثر و رسوخ کو بڑھا دیا۔ اس لئے یہ فیصلہ ہوا کہ انتظامات اور دوسرے امور کے لئے باقاعدہ تنظیم ہو تاکہ شریعت کے مطابق باقاعدہ فیصلے کئے جائیں۔ اس کی روشنی میں ۱۱ جنوری ۱۸۲۷ء کو آپ کے ہاتھ پر بیعت کی گئی اور آپ کو امیر المومنین منتخب کرکے خلیفہ کے خطاب سے پکارا جانے لگا۔

احیاء کی تحریکوں میں ہمیشہ اس بات کی کوشش کی جاتی ہے کہ ماضی کے قدیم ڈھانچہ کو دوبارہ تشکیل دیا جائے اور قدیم الفاظ اور اصطلاحات کا استعمال کیا جائے۔ اس لئے امیر المومنین ، خلیفہ، امام، مجلس شوریٰ ، اور بیت المال     کی اصطلاحات کا استعمال ہوا ۔ سید احمد نے اپنے پیروکاروں میں حوصلہ پیدا کرنے کی غرض سے اپنے ہاتھ ہونے  والے     واقعات کو قدیم اسلامی تاریخ سے تشبیہ دی۔ مثلاً وینٹورا سے ایک جنگ کے موقع پر انہوں نے دفاع کے لئے ایک دیورا تعمیر کرائی اور اس معرکے کو غزوہ  خندق سے تشبیہ دی۔

سید احمد کے دعوی  امامت نے نہ صرف سرحد میں انکی مخالفت کو ابھار ا بلکہ ہندوستان     میں بھی ان کے اس دعوے کو شک وشبہ سے دیکھا گیا۔ جب خطبے میں ان کا نام بحیثیت خلیفہ اور امام پڑھا گیا تو سرحد کے سرداروں پر یہ بات واضح ہوگئی کہ وہ ان کے علاقے میں اپنی حکومت  قائم  کرکے انہیں اقتدار اور سرداری سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اگرچہ انہوں نے اپنے خطوط میں جو انہوں نے ہندوستان اور دوسرے مسلمان حکمرانوں کو لکھے اس بات کی وضاحت کرنے کی کوشش کی ہے کہ ان کا مقصد دنیاوی حکومت نہیں بلکہ کافروں سےجہاد کے لئے امام بننے پر تیار ہوئے    ہیں، خط میں لکھتے ہیں کہ:

                "اللہ کا شکر اور احسان ہے کہ اس مالک حقیقی اور بادشاہ حقیقی نے اس گوشہ نشین فقیر عاجز اور خاکسار کو پہلے تو غیبی اشاروں اور اپنے الہامات کے ذریعے جن میں شک و شبہ کی گنجائش نہیں خلافت کا اہل ہونے کی بشارت دی۔ دوسرے یہ کہ مسلمانوں کی بڑی جماعت اور خاص و عام کی تالیف قلوب کے لئے مرتبہ امامت سے مجھ کو مشرف فرمایا۔”(۳۲)۔

سید احمد شہید نے مخالفوں پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ:
"لہذا جناب والا کی اطاعت تمام مسلمانوں پرلازمی ہے، جو شخص جناب والا کی امامت کو ابتداء میں قبول نہ کرے یا قبو ل کرنے کے بعد اس سے انکار کرے تو یہ سمجھ لیجئے کہ وہ باغی ، مکار ، فریبی اور اس کا قتل کرنا  کافروں  کے قتل کی طرح عین جہاد ہے۔۔۔ پس معترضین کے جوابات اس خصوص میں اس عاجز کے پاس تو ان کو تلوار کے گھاٹ اتارنا ہے نہ کہ تحریر و تقریر سے(انہیں جوابات دینا ہے) "۔ (۳۳)

اپنی امامت کے بارے میں سید احمد نواب وزیر الدولہ والی ٹونک کو لکھا کہ :

"آپ اس کو بالکل یقین جانیں ،جو شخص دل سے میرے اس منصب کا اقرار کرتا ہے وہ مقبول بارگاہ لم یزل ہے اور جو شخص انکار کرتا ہے وہ بے شک اس حق جل شانہ کے پاس مردود ہے۔۔۔ میرے مخالفین کو جو میرے اس عہدے سے انکار کرتے ہیں، ان کو ذلت و رسوائی ہوگی۔”(۳۴)

سید احمد کے سیاسی اور مذہبی اقتدار نے سرحد میں ان کی زبردست مخالفت پیدا کردی۔ کیونکہ انہوں نے اچانک سرحد آکر وہاں کے پورے سیاسی ڈھانچے کو بدل ڈالا جس کے لئے سردار بالکل تیا ر نہ تھے۔ اور سب سے بڑی بات یہ کہ پٹھان سردار اور عوام شمالی ہندوستان سے آنے والے غیروں اور اجنبیوں کو اپنا حکمراں تسلیم کرنے پر تیار نہ تھے، اس لئے اگرچہ ان کے معرکے سکھوں سے رہے، لیکن بہت جلد وہ سکھوں سے زیادہ پٹھان سرداروں سے مصروف جنگ ہوگئے۔ اور جب ان میں سے کچھ نے ان کی اطاعت نہیں کی تو انہیں منافق،  ضعیف الاعتقاد  اور  ملعون کہنا  شروع کردیا۔ سرحد کے سرداروں کا اپنا یہ نقطہ نظر تھا کہ وہ سید احمد کی مدد سے سکھوں کو نکال کر اپنی خودمختار ی بحال کرلیں گے۔ مگر جب انہوں نے  خود کو امام اور خلیفہ منتخب کرلیا تو ان کے لئے ان میں اور سکھوں میں کوئی فرق  نہ  رہا ۔ اگرچہ سید احمد شہید خود کو ایک برتر مذہبی مقام پر فائز سمجھتے تھے ۔انہیں فتح    کی     خوش خبری ،  مال غنیمت کے حصول اور رحمت الہیٰ کی برکتوں کا ذکر کرتے تھے، مگر سرداروں کے لئے ان سے زیادہ اقتدار عزیز تھا جو وہ اس طرح سے ان کے حوالے کرنے پر تیار نہ تھے، پٹھان سردار مولویوں کو کسی بھی صورت برتر سماجی حیثیت دینے پر تیار نہ تھے، خادی خان، ایک پٹھان سردار کے مطابق ریا ست کی دیکھ بھال کرنا سرداروں کا کام ہے، ملا  زکوٰۃ اور خیرات کے کھانے والے ہیں اور انہیں ریاست کے معاملات کا شعور نہیں ۔۔ (۳۵)

اس مخالفت کے بعد سید احمد کے لئے ضروری ہو گیا کہ پہلے وہ اپنی بنیادوں کو محفوظ کریں اور جب ان کا تمام علاقے پر تسلط ہوجائے تو وہاں اسلامی نظام نافذ کرکے شریعت کو قائم کریں اس طرح ان کی پوری جہاد تحریک  ، خانہ جنگی میں بدل گئی۔ چناچہ جب سرحد کے سرداروں کے خلاف معرکوں کا سلسلہ شروع ہوا تو انہوں نے ان کے علاقوں پر حملے کو اس لئے جائز کہا کہ وہاں فسق و فجور تھا۔ لوگ شرع سے ہٹے ہوئے تھے اور ان میں جاہلیت کی رسومات تھیں۔ ان حالات میں امام کے لئے یہ لازمی ہوجاتا ہے کہ ایسے ملک پر لشکر کشی کرکے ان کا فرانہ  رسومات  کا  خاتمہ  کرے۔ اس کے ثبوت میں امیر تیمور کا وہ فتویٰ دیا گیا کہ جس میں اس وقت کے علماء نے ہندوستان  پر  حملے کو جائز قرار دیا تھا۔ اس فتوے کے تحت ایسے ملک پر حملہ کرنا کہ جہاں کافرانہ رسومات ہوں جائز ہے۔ چاہے وہاں کا حکمراں مسلمان ہی کیوں نہ ہو۔ ایسے ملک میں فوج کا لوگوں کو قتل کرنا اور مال غنیمت و دولت لوٹنا بھی جائز  ہے۔(۳۶)

اس سلسلے میں پہلی لڑائی یار محمد خاں حاکم یاغستان سے ہوئی جو لڑائی میں   مارا  گیااور ۱۸۳۰ء میں پشاور پر سید احمد کا قبضہ ہوگیا۔ اس کے بعد رئیس پنجتار اور پلال قوم کا سردار ان کے مرید ہوگئے۔ لیکن سردار پابندہ خاں نے ان کے ہاتھ پر بیعت نہیں کی۔ اس لئے اس پر کفر کا فتوی ٰ لگا دیا گیا اور کے خلاف جہادکیا گیاجس میں اس کی شکست ہوئی۔  خادی  خاں ، رئیس ہند کے خلاف اس لئے اعلان جنگ کیا گیاکہ اس نے بیعت کے بعد ان کے خلاف بغاوت کی تھی، اس لئے وہ واجب القتل ہوا۔ قتل کے بعد اس کی نمازہ جنازہ پڑھانے سے بھی انکار کردیا، جس پر پٹھان مولویوں نے اس کی نماز جنازہ پڑھائی۔

پشاور کی فتح کے بعد انہوں نے شریعت کے نفاذ کے لئے ایک پرتشدد پالیسی کا آغاز کیا اور وہ تمام قبائلی رسومات جو ان کے نزدیک غیر شرعی تھیں ان کے خاتمے کا اعلان کیا۔ ان رسومات میں اہم یہ تھیں: شادی کے لئے بیوی کی باقاعدہ قیمت ادا کی جاتی تھی۔ مرنے والے کی بیویاں اس کے وارثوں میں تقسیم ہوتی تھیں ۔  چار سے زیادہ شادیوں کا رواج تھا، عورت جائداد کی وارث نہیں ہوسکتی تھی، آپس کی جنگیں جہاد تصور کی جاتی تھیں اور لوٹ کا مال، مال غنیمت میں شمار ہوتا تھا۔لہٰذا پشاور کی فتح کے بعد یہ احکامات ہوئے کہ جن لوگوں نے اپنی بیویوں کی آدھی رقم بھی دے دی ہے وہ انہیں لے جائیں، جو عورتیں شادی کے قابل ہیں ان کی فوری شادی کردی جائے، شرعی احکام کے نفاذ کے لئے انہوں نے امام قطب الدین کو محتسب مقرر کیا جن کے ساتھ ۳۰ مسلح سپاہی رہا کرتے تھےاور وہ ان کے ہمراہ قرب و جوار کے دیہاتوں میں جاکر ان افغان جوانوں کو مارا پیٹا کرتے تھے   جنہوں    نے نماز ترک کردی تھی۔مارنے پیٹنے اور کوڑے مارنے کا یہ عالم ہوگیا تھا کہ اگر کوئی ہندوستانی دیہات میں چلا جاتا تو وہاں افراتفری اور بھگدڑ مچ جاتی تھی۔ سزا دینے کے معاملے میں انتہائی تشدد سے کام لیا گیااور یہاں تک ہوا کہ لوگوں کو درختوں کی شاخوں پرلٹکا  دیا جا تا تھا۔ عورتوں میں بھی جو نماز چھوڑ دیتی تھیں انہیں زنان خانے میں سزائیں دی جاتی تھیں، اس لئے بہت جلد لوگ ان سے تنگ آگئے کیوں کہ یہ قاضی و محتسب  حد سے زیادہ لوگوں کو تنگ کرنے لگے اور ان کی استطاعت سے زیادہ ان پر جرمانے عائد کرنے لگے۔(۳۷)

جس چیز نے سرحد کے علماء کو ناراض کیا وہ سید احمد اور مجاہدین کا عشر وصول کرنا تھا کیونکہ اس کے حقدار اب تک سرحد کے علماء تھے۔ مجاہدین کا کہنا تھا کہ اس کا حقدار امام ہوتا ہے اور وہ اسے   بیت   المال    میں جمع کرکے مستحقین میں تقسیم کرتاہے۔ چونکہ اس سے سرحد کے علماء کی روزی پر اثر پڑا، اس لئے وہ ان کے زبردست مخالف ہوگئے۔ یہ مخالفت بعد میں ان کے عقائد کیوجہ سے اور بڑھ گئی چونکہ آمین  الجہد (زور سے آمین کہنا) اور رفع یدین (نماز میں ہاتھ اٹھانا) ان کے عقائد میں شامل تھے۔ اس کے علاوہ ہندوستان میں ان کے مخالف علماء نے ان کے پاس  محضر  نامہ    بھیجا کہ سید احمد انگریزوں کے ایجنٹ ہیں اس لئے ان سے ہوشیار رہاجائے، ان تمام باتوں نے ان کی حیثیت کو بڑا کمزور کردیا ۔(۳۸)

علماء سرداروں اور عام لوگوں میں اس وقت بے چینی پھیلنا شروع ہوئی کہ جب مجاہدین نے کہ جن کی اکثریت اپنے اہل و عیال کو ساتھ نہیں لاتی تھی پٹھانوں میں زبردستی شادیاں کرنا شروع کردیں۔یہاں تک ہوا کہ کوئی لڑکی جارہی ہے اور کسی مجاہد نے اسے پکڑ لیا اور مسجد لے جاکر زبردستی نکاح کرلیا۔ ایک ہندوستانی   نے جب اس طرح سے ایک خوشیکی سراد ر لڑکی سے شادی کی تو اس نے اپنے مخالف خٹک قبیلے کے سردار سے درخواست کی کہ اس کی مدد کرے ، اس پر خٹک سردار نے قبیلے کے سامنے اپنی لڑکی کا دوپٹہ اتار کر یہ عہد کیا کہ وہ جب تک پٹھان کی عزت کا بدلہ نہیں لے گا چین سے نہیں بیٹھے گا۔(۳۹)

ستم بالائے ستم یہ کہ جن خاندانوں کی لڑکیوں کی شادیاں ان ہندوستانیوں میں ہوئی تھیں  انہیں  دوسرے پٹھان طعنے دیتے تھے کہ تم نے کالے کلوٹے ہندوستانیوں میں شادی کردی، اس پر ان طعنہ دینے والوں کو مجاہدین  نے سزائیں دیں۔(۴۰)

یہ وہ وجوہا ت  تھیں کہ سرحد کے علماء ، سردار اور عوام ان کے مخالف ہوگئے اور انہوں نے ایک منصوبے کے تحت تمام مجاہدین کو جو پشاور اور اس کے گردو نواح میں انتظامی امور پر فائز تھے قتل کردیا۔

اس واقعہ کے بعد سید احمد کشمیر جانا چاہتے تھے، مگر اس سے پہلے ان کا آخری معرکہ سکھوں سے ہوا  اور ۱۸۳۱ء  میں وہ ان کے ساتھی بالاکوٹ کے مقام پر شہید ہوئے۔

سید احمد کی تحریک جہاد کا اگر تنقیدی جائزہ لیا جائے تو اس کی بنیادی کمزوریوں کا اندازہ  لگایا جاسکتا ہے۔ سرحد کے علاقے کو اپنا مرکز بنانے سے پہلے نہ تو سید احمد نے اور نہ ان کے پیروکاروں نے اس علاقے کے جغرافیہ کو سمجھا نہ اس کی تاریخ کو، اور نہ قبائل کی تشکیل، ان کی روایات و رسومات اور ذہن کو، نہ انہوں نے ان کی زبان سیکھی اور نہ ان کے طور طریق۔ نہ انہوں نے اس بات کا ادراک کیا کہ مذہب سے زیادہ لسانی اور قبائلی رشتے   مضبوط ہوتے   ہیں۔ اور وہ شمالی ہندوستان سے آنے والوں کو کسی بھی صورت اپنا حکمران نہیں بنائیں گے۔ کیونکہ مذہب ایک سہی، مگر ثقافتی اختلافات ان کو ایک دوسر ے کے قریب کرنے میں رکاوٹ بنے رہے۔ ان کے ساتھ جو مجاہدین اور رضاکار آئے تھے ان کی مدد سے قبائل کو شکست دے کر وہاں بزور طاقت حکومت قائم کرنا مشکل تھا اس لئے ان کی سرگرمیوں کو پٹھانوں نے شروع ہی سے شک و شبہ سے دیکھا اور ان کے لئے یہ سمجھنا یقیناً  مشکل ہوگا کہ یہ لوگ ہندوستان سے جہاد کرنے یہاں کیوں آئے ہیں ! اس کا احساس اسماعیل شہید کو ہوا جس کا اظہار انہوں نے اس طرح سے کیا:

                    "اس علاقے میں آکر ایسا معلوم ہو ا کہ اگرچہ طویل مدت میں خدا کی  مہربانی  مقصود                        حصول متوقع ہے ۔ لیکن ابھی اس نواح میں لشکر آنے  کا  وقت نہیں آیا تھا۔ ابھی تو اس کی ضرورت تھی کہ فدوی چند خدمت گاروں کے ساتھ اس نواح میں آتا اور دیہاتوں اور بستیوں  کاخفیہ اور اعلانیہ دورہ کرتا ۔ جب اس علاقے کے  روسا ء تیارہوجاتے اور لشکر کے قیام                   کے لئے کوئی جگہ معین ہوتی تو اس وقت لشکر اسلام رونق افزا ہوتا۔  یا  ابتداء   ہی میں ایک  بڑا لشکر جرار                 یہاں کا رخ کرتا اور یہاں کے باشندوں کی موافقت یا مخالفت کے قطع نظر کرتے ہوئے علم جہاد بلند کرتا اور بغیر کسی تردد اور دغدغہ کے کفار و منافقین پر دست اندازی کرتا ،   پھر جو  مخالفت کرتا سزا پاتا۔”(۴۱)

اس کے علاوہ  ان کے ساتھ جو لوگ آئے تھے وہ سب دین کی خاطر جہاد کرنے والے نہیں تھے ان میں ایسی تعداد بھی تھی جو محض لوٹ مار کی غرض سے آتی تھی۔ کیونکہ ان میں وہ فوجی بھی شامل تھے جو امیرخان کی فوج کاایک حصہ تھے ، جنگ کرنا ان کا پیشہ تھا اور اس کے ذریعہ وہ دولت اکھٹی کرتے تھے۔ جب ہندوستان میں مہم جوئی کے مواقع ختم ہوگئے تو وہ اس امید میں آئے کہ دین کی خدمت بھی ہوگی اور مال غنیمت بھی ملے گا۔

اس کے ساتھ ہی اس بات کے شواہد بھی ملتے ہیں کہ جہاد میں حصہ لینے والوں کی کوئی فوجی تربیت نہیں ہوئی تھی اور نہ ہی ان میں نظم و ضبط تھا۔ فوجی اخراجات اور اسلحہ کے لئے انہیں ہندوستان  کے چندوں پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔ ابتداء  میں لوگوں نے خوب چندہ دیا مگر جب کامیابی کے امکانات کم ہوئے تو اسی طرح سے چندے میں کمی آتی گئی۔

اس لئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ تحریک محض مذہبی جوش کے سہارے شروع ہوئی تھی اور اسے مفروضوں پر تشکیل دیا گیا تھا جو حقیقتیں تھیں انہیں نظر انداز کردیا گیا تھا ۔تحریکیں محض جوش اور تشدد اور تعصب و سختی  سے کامیاب  نہیں ہوتی ہیں۔ اور اس کے نتیجے میں معاشرے کی قوت و توانائی ضائع ہوتی ہے۔

سید احمد شہید کی تحریک نہ تو سکھو ں کے خلاف کوئی کامیابی حاصل کرسکی اور نہ سرحد  میں  اسلامی معاشرے کا قیام  ممکن ہوسکا ۔ جب ۱۸۴۹ ء میں پنجاب پر انگریزوں کا قبضہ ہوا تو انہوں نےسختی سے اس تحریک کو ختم کردیا اور ان پر ۱۸۷۰ء تک وہابی مقدمات چلائے گئے جن میں ملوث علماء کو مختلف سزائیں دی گئیں۔ آخر میں مولوی محمد حسین بٹالوی  نے اس کو اہلحدیث کا نام دے کر انگریزی حکومت سے مصالحت کرلی، اوار جہاد کی مخالفت میں ایک رسالہ بھی لکھا۔

سید احمد کی تحریک کی چند خصوصیات یہ تھیں کہ یہ مکمل طور پر ایک ہندوستانی تحریک تھی۔ اور اس کا تعلق باہر سے نہیں تھا اور نہ یہ بیرونی امدار پر چلی ۔ اس تحریک کے لئے تمام چندہ ہندوستان ہی سے جمع ہوا کرتا تھا، اس کی وجہ سے ہندوستان میں مسلمان معاشرے میں علیحدگی کے جذبات پیدا ہوئے اور مغل ثقافت جو سیکولر ثقافت کے طور پر ابھر رہی تھی، اس تحریک نے اس کے پھیلاؤ اور اس کی ترقی کو روکا۔

اس تحریک کا اثر یہ ہوا کہ اس کے بعد علماء نے جہاد کی بجائے تبلیغی مشن شروع کئے اور اپنے اثر و رسوخ  کے  لئے  مدرسے اور درس گاہیں قائم کیں اس تحریک نے     ہندوستان کے علماء کے طبقے میں بھی گہرے اختلافات  پیدا کیے اور یہ اختلافات مناظروں اور وعظوں کی صورت میں اور زیادہ شدید ہوتے چلے گئے۔ اس لئے علماء اور ان کے پیرو کاروں کی جماعتوں نے اس تحریک سے قطعی  لاتعلقی  کا  اظہا رکیا اور یہاں تک ہوا کہ ان کی  شکست پر خوشیاں منائی گئیں اور اس تحریک کا انجام بھی وہی ہواجو اکثر احیاء کی تحریکوں کا ہوتا ہے کہ وہ مسلمانوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کرنے کی بجائے ان میں تفرقہ ڈال کر خود کو ایک نئے فرقے کی حیثیت سے تشکیل دے دیتی ہیں۔ چنا نچہ  ان مذہبی تنازعوں اور اختلافات کی چھاپ اب تک مذہبی جماعتوں اور گروہوں میں موجود ہے۔

٭   Compiled by: Shahab Saqib                                         ٭

(حوالہ جات)

 

۲۵)  شاہ ولی اللہ: حجتہ البالغہ ، کراچی، ۱۹۲۶، ص ۲۸

۲۶)  پیٹر ہارڈی: ہندوستانی مسلمان کمیبرج، ۱۹۸۲، ص۱۰۹

۲۷)  صراط مستقیم: ص ۴۹

۲۸)  ایضاً: ص ۵۰

۲۹)  ایضاً:  ص ۵۱

۳۰)  جعفر تھایسری: مکتوبات سید احمد شہید، کراچی ۱۹۴۹ء، ص ۴۴

۳۱)  حیات طیبہ: ۲۶۱

۳۲)  مکتوبات سید احمد: ص ۱۱۹

۳۳)  ایضاً: ص ۱۷۵

۳۴)  ایضاً: ص ۲۹۵

۳۵)  ابوالحسن ندوی: سیر سید احمد شہید، کراچی ۱۹۷۵ء، ص ۱۱۴-۱۱۵

۳۶)  حیات طیبہ: ص ۳۸۳-۳۸۴

۳۷)  مکتوبات سید احمد:  ص ۲۷۷-۲۸۰

۳۹)  عبیداللہ سندھی: شاہ ولی اللہ کی سیاسی تحریک، لاہور، ۱۹۵۱، ص ۹۶، ۱۰۲

۴۰)  ابوالحسن ندوی: ص ۲۱۲

۴۱)  ایضاً: ۴۶

۴۲)  حیات طیبہ: ص ۲۶۰

 

عمران خان کا تازہ انٹرویو


 بروز جمعرات آٹھ اگست کو نسیم زہرہ نے عمران خان کا ایک انٹرویو کیا جو کیپیٹل ٹی وی پر نشر ہوا۔ لالاجی نے یہ انٹرویو بڑے شوق سے دیکھا کہ عمران خان کے آزادی مارچ کے حوالے سے پروگرام کے بارے میں کوئی تفصیلات سننے کو ملیں گی مگر یہ انٹرویو دیکھنا/سننا خود کو اذیت دینے کے مترادف ہی ثابت ہوا۔ اس سے فائدہ کچھ نہ ہوا۔ 

سیدھی سی بات یہ ہے کہ عمران خان کے انتخابی نظام  پر اعتراضات بالکل بجا ہیں اور جن خامیوں کی وہ نشاندہی کرتے ہیں وہ بالکل صحیح ہیں۔ مگر عمران خان کے پاس ان خرابیوں کو دور کرنے کے لئے کوئی پروگرام نظر نہیں آتا۔ اس انٹرویو میں نسیم زہرہ پوچھتی رہ گئیں کہ آگے کیا کرنا ہے اور عمران خان مسلسل اس سوال کو ٹالتا رہا اور آخر پہ کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔ محض اتنا جواب کہ ۱۱ اگست کو مطالبے پیش کر دئے جائیں گے جو سب کے سب آئین اور قانون کے دائرے کے اندر ہوں گے۔ 

سوال مطالبے پیش کرنے کا نہیں ہے۔ سوال ان مطالبوں کومنوانے کے طریقے کا ہے۔ مثال کے طور پر ایک مطالبہ ہے وزیراعظم کا استعفیٰ۔ اگر وزیر اعظم استعفیٰ نہیں دیتے تو پھر کیا کریں گے۔ آئین اور قانون کے مطابق اُن کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانی ہوگی۔ مگر اسمبلی میں پارٹی پوزیشن سے یہ بات واضح ہے کہ ایسی تحریک کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ یاد رہے کہ دھرنے اور احتجاج اور ملکی نظام کو غیر فعال کردینا کسی بھی طرح آئینی اور قانونی طریقہ نہیں وزیر اعظم کو ہٹانے کا۔ 

اب اہم ایک اور ممکنہ صورت حال پر غور کر تے ہیں۔ فرض کریں کہ نوازشریف کو لگتا ہے کہ اسے استعفیٰ دے دینا چاہئے اور موجود اسمبلی ختم کر دینی چاہئے۔ آئین میں اس بات کی گنجائش موجود ہے کہ وزیر اعظم صدر پاکستان سے درخواست کرے کہ اسمبلی تحلیل کر دی جائے تو صدر اس بات کا پابند ہے کہ وہ اسبملی تحلیل کر دے۔ اگر صدر یہ فیصلہ نہیں کرتا تو بھی آئین کے مطابق قومی اسمبلی دو دن بعد تحلیل تصور کی جائے گی۔ ایسے میں نئے انتخابات کا اعلان ہوگا۔ چونکہ موجودہ اسمبلی نے انتخابی اصلاحات کا کوئی قانون متعارف نہیں کروایا سو انتخابات اسی پرانے الیکشن کمیشن نے پرانے قوانین اور پرانے نظام کے تحت کرانے ہیں۔ یعنی نئے انتخابات کی صورت حال کچھ زیادہ مختلف نہیں ہوگی۔ ایسے میں زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ نئے انتخابات کے بعد ہم عمران خان کو ایک بار پھر سڑکوں پر دیکھیں گے۔ 

اس مارچ سے جو اچھی توقع وابستہ کی جاسکتی ہے وہ یہی ہے کہ اس طرح سے عوامی دباؤ پیدا کیا جائے اور انتخابی اصلاحات کے عمل کو تیز کر لیا جائے۔ مزید یہ کہ گزشتہ انتخابات کے حوالے سے دھاندلی کی تحقیقات کا سلسلہ بھی تیز کروا لیا جائے۔یہ نتائج ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پارلیمنٹ کی کمیٹی کی تشکیل ہو گئی ہے اور خوشقسمتی یہ ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں۔ پی ٹی آئی نے اس کمیٹی کا بائیکاٹ نہیں کیا جو کہ بہت خوش آئیند ہے۔ اسی طرح حکومت منتخب شدہ حلقوں میں دوبارہ گنتی پر بھی تیار ہو گئی ہے۔ 

تاہم عمران خان اپنے مطالبات پر بہت سخت موقف اپنائے ہوئے ہے۔ کوئی بھی اچھا سیاستدان ایسا بے لچک رویہ اختیار نہیں کرتا۔ عمران خان کا مارچ کامیاب ہو یا ناکام ہر دو صورتوں میں عمران خان کے لئے سیاسی مشکلات میں اضافہ ہی ہوگا۔ کامیابی اور ناکامی کا فیصلہ عمران خان کے مطالبات کی منظوری اور ان پر عمل درآمد کی بنیاد پر ہوگا۔

عمران خان کو یہ بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ اگر وہ نظام کو نہیں چلنے دے گا تو کل کو وہ وزیر اعظم بن گیا تو دوسرے بھی آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ 

لالاجی کو عمران خان کی سیاسی مشکلات سے تو زیادہ دلچسپی نہیں لیکن اس سارے تماشے سے عوام کی مشکلات میں بھی بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے اور فوجی اسٹیبلشمنٹ کو بے پناہ فائدہ ہورہا ہے۔ سولین حکومت بیک فٹ پر چلی گئی ہے۔ حکومت اپنی بقا کی جنگ میں مصروف ہوگئی ہے اور قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی جیسے اہم شعبوں پر اپنا حق چھوڑ رہی ہے۔ ان دو اہم معاملات پر اگر سولین حکومت کا کنٹرول قائم نہیں ہوتا تو اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کی سلامتی کے حوالے سے اور بین الاقومی تعلقات کے حوالے سے پالیسیاں وہی رہیں گی جو پچھلے کئی دہائیوں سے چلی آرہی ہیں۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے اور ملکی معیشت کے بہتر ہونے کی کوئی امید رکھنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہوگا۔ 

انٹرویو کے آخر میں عمران خان اس بات پر زور دیتے ہیں کہ جن افسران نے دھاندلی کی یا دھاندلی ہونے دی ان کو سزائیں دینا بہت ضروری ہے۔ لالاجی ان کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں اور یہ سوال کرتے ہیں کہ تحریک انصاف نے اپنے ایک اتحادی قومی وطن پارٹی کے وزراء پر کرپشن کا الزام لگا کر انہیں وزارتوں سے برطرف کر دیا تھا ان کے خلاف ابھی تک کوئی مقدمے کیوں کر قائم نہیں ہو سکے؟ انہیں سزائیں کیوں نہیں ہوئیں؟ عمران خان بار بار یہ دعوٰی کرتا ہے کہ ہم نےاپنی پارٹی میں الیکشن کروائے۔ پارٹی الیکشن تو کروائے مگران انتخابات پر بھی توخود پارٹی کے لوگوں نے دھاندلی کے الزامات لگائے۔ ان الزامات میں سے کتنوں کی تحقیقات ہوئیں اور کیا نتیجہ نکلا ؟ کیا ان انتخابات پر دھاندلی کے الزامات کا نتیجہ پاکستان کے قومی انتخابات پر دھاندلی کے الزامات کے نتیجے سے کسی بھی طرح مختلف ہے؟  اس وقت پارٹی کےکتنے عہدوں پر الیکشن جیت کر آنے والے لوگ فائز ہیں اور کتنے عہدوں پر عمران خان کے نامزد کردہ لوگ تشریف فرما ہیں؟ 

جب اس طرح کے سوالات کریں تو عمران خان کہتےہیں ہماری پارٹی ابھی نئی ہے، ہم سے غلطیاں ہوئیں۔ ہم آئندہ بہتر کریں گے۔ بس یہ منطق اگر پاکستان کی جمہوریت کے لئے بھی استعمال کر لیں تو مسئلہ ہی حل ہوجائے۔ پاکستان کی جمہوریت تو خان صاحب آپ کی پارٹی سے بھی عمر میں بہت چھوٹی ہے۔ ابھی ۲۰۰۸ میں ہم نے آخری ڈکٹیٹر کو بھگایا ہے۔ ۲۰۱۳ کے انتخابات پہلے انتخابات تھے جن میں ملک میں کوئی فوجی وردی پہنے ہمارے سروں پر سوار نہیں تھا۔ 

اسی طرح ان انتخابات میں ایک اور دھاندلی بھی ہوئی جس کی طرف عمران خان صاحب نے کبھی اشارے کنایے میں بھی بات نہیں کی۔ وہ دھاندلی یہ تھی کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو الیکشن سے پہلے اپنی انتخابی مہم چلانے کے لئے ریاست نے ایک جیسے مواقع فراہم نہیں کئے۔ عمران خان صاحب تو بڑے دھڑلے سے شہر شہر سیاسی جلسے کر رہے تھے مگر اے این پی اور پیپلز پارٹی کو چھپ چھپ کر انتخابی مہم چلانی پڑی۔اے این پی کے جلسوں پر حملے ہوئے ۔ میاں افتخار کو اپنے بیٹے کی قربانی دینی پڑی تو بشیر بلور کو اپنی جان کی۔ خان صاحب جب دو مقابل پارٹیوں کو انتخابی مہم چلانے کی ایک جیسی آزادی نہ ہو تو اسے بھی دھاندلی کہتے ہیں۔ 

 

وزیرستان کا سفر (حصہ دوئم) …از قہر زلمے


ترجمہ: سلیقہ وڑائچ … اصل انگریزی متن کے لئے یہاں کلک کریں۔

مفتی نورلی کے فیصلےجہاں کچھ لوگوں کوبہت خوش کرتے تو بہت سوں کے لئےاذیت کا باعث بھی بنتے تھے۔ میرے مشاہدے میں یہ بات آئی کہ جن لوگوں کے طالبان سے اچھے تعلقات تھے یا جو تحریکِ طالبان کے لئے فنڈز مہیاکرتے تھے،مفتی نور ولی انکے حق میں فیصلہ دیتا۔ محسود قبیلے کے کتنے ہی افراد کوکراچی میں نشانہ بنایا گیا تھا، اور طالبان کی اس قدر دہشت تھی کہ جب کسی کو مفتی نور ولی کا فون آتا، وہ ایک دن کی بھی تاخیر کئے بغیر میرانشاہ کا رخ کرتا۔کراچی سے میرانشاہ تک کے سفر، اور دورانِ سفر قیام کے اخراجات تقریبا” پچاس ہزار روپے کے لگ بھگ ہیں۔ لیکن، چونکہ مفتی نور ولی نے کراچی میں کسی بھی قسم کےجرگہ پر پابندی لگائی ہوئی ہے، کسی معمولی کیس کے لئے بھی لوگوں کو مجبوراً مفتی نورولی کے دربار میں حاضری دینا پڑتی ہے۔

سجنا گروپ کا کراچی پر مکمل کنٹرول ہے۔بھلے کوئی ٹھیکیدار ہو،کسی کا آئل ٹینکر یونین سے تعلق ہو یا رکشہ یونین سے، کوئی ٹرانسپورٹر ہو یا تاجر، ہر کوئی بھتہ دینے کا پابند ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سب یونین والے خود بھتہ اکٹھا کر کے چیف جسٹس کو رقم جمع کروانے جاتے ہیں۔ حکیم اللہ محسود گروپ کا کراچی سے اثر ورسوخ ختم ہو چکا ہے۔ کراچی کے ساحلی علاقوں میں جہاں کبھی عوامی نیشنل پارٹی( اے این پی) کا سکہ چلتا تھا اب وہاں بھی سجناگروپ کی حکومت ہے۔ تاہم حکیم اللہ محسود کا کوئی ایک کمانڈر بھی پولیس ،فوج یا رینجرز نے ہلاک نہیں کیا۔حکیم اللہ گروپ کے تمام بڑے کمانڈر سجنا گروپ نے چن چن کر مارے ہیں۔ خان زمان، مفتی جاوید، زاہداللہ ذکریا اور عمرسجنا گروپ کے اہم کمانڈروں میں سے ہیں۔ اور کراچی میں کھلے عام دھندہ کر رہے ہیں۔ نہ صرف یہ بلکہ قانوں نافذ کرنے والے اداروں نے بھی ان پر کبھی ہاتھ نہیں ڈالا، یہی وجہ ہے کہ عوام کا اس بات پر یقین پختہ ہوتا جا رہا ہے کہ سجنا گروپ کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے۔ میں نے میرانشاہ میں لوگوں کو کہتے سنا ہے کہ ان کا گورنمنٹ یا ایجنسیوں پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے اور وہ اپنی اور اپنے خاندان کی جان بچانے کے لئے میرانشاہ آنے اور بھتے کی رقم ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

مفتی نور ولی لوگوں کو ڈراتا دھمکاتا بھی تھا، جو بھی اس سے مل کر آتا شدید خوفزدہ نظر آتا۔ مفتی نور ولی کا اپنے بارے میں دعوٰی تھا کہ وہ انتہائی سخت گیر اور اصولوں پر سمجھوتا نہ کرنے والا شخص ہے، حالانکہ حقیقت اس کے بر عکس تھی۔ اگر کوئی شخص کسی اہم طالبان کمانڈر کے حوالے سے مفتی سے ملتا تو نہ صرف اس کو حاضری کا وقت جلدی ملتا بلکہ فیصلہ بھی اس کے حق میں ہوتا ورنہ عام آدمی کو کئی کئی ہفتے انتظار کرنا پڑتا۔ تحریکِ طالبان پاکستان کو   کراچی سےچندے کی مد میں خاصی بڑی رقم ملتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق جس کی کچھ تاجروں نے تصدیق بھی کی، کراچی سے تقریبا ۱۰کروڑ روپے ماہانہ بھتہ اکٹھا کیا جاتا ہے۔

ہم سید سجنا کی موجودگی میں مفتی نور ولی سے ملے، ملاقات اچھی رہی۔ لیکن قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ نہ تو ہماری جسمانی تلاشی لی گئی نہ ہی ہم سے فون لئے گئے، جس سے سجنا گروپ کا اس علاقےمیں مکمل اثر و رسوخ واضح ہے۔ مفتی نور ولی مجھے انتہائی سخت گیر، کھردرا اور کٹر آدمی لگا جس سے کسی نرم رویئے یا خو ش مزاجی کی توقع ہر گز نہیں کی جاسکتی۔ تاہم اس نے خود کو بےحد سنجیدہ اور اکھڑ آدمی کے طور پر پیش کیا جو کہ انصاف پر مبنی فیصلے کرتا ہو اور کسی کی سفارش قبول نہ کرتا ہو یا کسی حوالے کو نہ مانتا ہو۔ چونکہ وہ طالبان کی اسلامی شرعی عدالت کا چیف جسٹس ہے اس لئے شریعت کی روشنی میں فیصلے سناتا ہے۔ تاہم وہ مہمان نواز ہے اور اگر دوپہر کے کھانے کا وقت ہو تو دفتر میں موجود تمام لوگوں کو کھانا کھلاتا ہے۔ اس نے ہمیں بھی عمدہ کھانا کھلایا۔ کھانے میں بڑا گوشت،آلو اور شوربہ تھا اور اس کے بعد چائے سے ہماری تواضع کی گئی۔

خان سید سجنا اور اس کے گروپ کے تمام افراد مفتی نور ولی کا بے حد احترام کرتے تھے۔ میرے ساتھی کا اتحاد ٹاون میں دوسری پارٹی کے ساتھ پلاٹ کا تنازعہ تھا جس کے حل کے لئے وہ یہاں آیاتھا۔ ایک اہم طابان کمانڈر کی سفارش پر ہمیں اسی دن چیف جسٹس سے ملاقات کا وقت مل گیا۔ لیکن چیف جسٹس کسی حتمی فیصلےتک نہ پہنچ سکا اور اس نے دونوں فریقوں کو آگاہ کر دیا کہ وہ اپنے طالبان کمانڈوں سے ثبوت مہیا کرنے کا کہے گا اور   اگلی سماعت میں فیصلہ کرے گا۔ اور یہ کہ اگلی سماعت کی تاریخ کے بارے میں دونوں فریقوں کو ’باقاعدہ‘ آگاہ کر دیا جائے گا۔

میں نے شمالی وزیرستان کےکئی قصبے دیکھے جن میں دتہ خیل، میر علی، غلام خان، شوال، ڈانڈے درپخیل اور داور قبیلے کے علاقے شامل ہیں۔ وہاں مجھے پتا چلاکہ داوڑ قبائلی ،محسود قبائلیوں سے بے حد تنگ ہیں۔، سینکڑوں داوڑ قبائلی خاندان اپنا گھر بار اور زمینیں چھوڑ چھاڑ بنوں ہجرت کر گئے تھے۔ نقل مکانی کی وجہ فوجی آپریشن تھے بالخصوص کھجوری میں ہونے والے خودکش بم دھماکے اور میر علی میں ہونے والی جوابی فوجی کاروائی کے بعد ہجرت میں شدت آگئی تھی۔ داوڑ قبائلیوں کی نقل مکانی کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ سیاسی حکومت اور انتظامیہ انھیں ازبک اور دیگر طالبان گروہوں کو اپنے علاقوں سے نکالنے پر مجبور کر رہی تھی۔ ان کی حالت قابلِ رحم تھی وہ کیسے ان گروہوں کو باہر نکال سکتے جب کہ خود حکومت اور انتظامیہ طالبان کو ان علاقوں سے نکال باہر کرنے سے قاصرتھی۔ داوڑ قبائلیوں نے بتایا کہ جب کبھی ڈرون حملہ ہوتا یا فوجی کاروائی ہوتی تو طالبان عسکریت پسند ان کی دکانیں لوٹ لیتے۔ انفرادی طور پرمقامی لوگ ڈرون حملوں کے معترف تھے اور ڈرون حملوں کے حق میں تھے لیکن میڈیاکے سامنے بیان دینے سے خوفزدہ تھے۔

جو سب سے اہم بات ہمارے دیکھنے میں آئی وہ یہ تھی کہ میرانشاہ کے مین بازار میں فوجی کیمپ تھا لیکن مین بازار کے عین وسط میں ایک ہسپتال ہے جس پر طالبان کی باقاعدہ عملداری قائم ہے۔ ہم نےہسپتال میں حقانی گروپ اور سجنا گروپ کے طالبان کو دیکھا۔ حقانی گروپ اور سجنا گروپ کے طالبان کو ہم نے سرِعام گاڑیوں میں گھومتےدیکھا۔ کسی چیک پوسٹ پر انھیں نہیں روکا جاتا تھا۔ وزیر طالبان بھی میرانشاہ اور شمالی وزیرستان میں آزادانہ گھوم پھر رہے تھے۔

کچھ عام مشاہدات : جب اعلٰی طالبان کمانڈر اپنی گاڑیوں کو پارک کرتے ہیں، تو ان کی گاڑیوں کی سختی سے نگرانی کی جاتی ہے تاکہ کوئی گاڑی کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب نہ کر جائے۔ دونوں گروپ ایک دوسرے سے خوفزدہ ہیں اور حالیہ واقعات میں دونوں نےایک دوسرے کے کمانڈروں کو ہلاک کیا ہے۔میں نے سنا کہ تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر ایک جگہ نہیں ٹکتے۔ رئیس خان عرف اعظم طارق، نور ولی اور خان سید سجنا جیسے اعلٰی کمانڈر مختلف گھروں میں رہتے ہیں جو ان کو مقامی لوگوں کی طرف سے ملے ہوئے ہیں۔ طالبان کمانڈر ایک دوسرے کو بغیر اطلاع کئے اچانک ملتے ہیں۔ رات کے وقت، ڈرون اڑنے کی آوازیں آتی ہیں تو سب لوگ خوفزدہ ہو جاتے ہیں کہ اب کی بار ان کا گھر ہی ڈرون کا نشانہ نہ ہو۔ لیکن اس خوف کے باوجود، مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آج تک بننے والے سب ہتھیاروں میں سے ڈرون بہترین ہتھیار ہیں۔

پیشہ ور قاتلو…! تم سپاہی نہیں


Ahmad Faraz

احمد فراز

پاک فوج کے لئے یہ نظم احمد فراز نے ۱۹۷۱ء کے سانحے کے بعد لکھی تھی۔ پاک فوج نے خیر سبق تو کیا سیکھنا تھا محض چھ برس بعد وہ پھر قوم کو فتح کر کے مسندِ اقتدار پر آ بیٹھی اور ظلم و جبر کا وہی بازار گرم کر دیا جو پاک فوج کا خاصہ ہے۔ اس نظم میں مشرقی پاکستان میں جنرل نیازی کی طرف سے بنگالیوں کی "نسل بدلنے” کا حوالہ بھی موجود ہے اور آج بھی سرحد (موجودہ پختونخواہ) سے لے کر پنجاب اور مہران تک مقتل سجانے کی بات ہے اور بولان میں شہریوں کے گلے کاٹنے کی بات بھی کی گئی ہے۔ کسی بھی طرح یہ نہیں لگتا کہ یہ نظم ستر کی دہائی میں لکھی گئی ہے۔ پاکستان آج بھی ویسا کا ویسا ہی ہے … پاکستان کی فوج آج بھی ویسی کی ویسی ہی ہے۔ اس میں قصور کس کا ہے؟ (لالاجی)

میں نے اب تک تمھارے قصیدے لکھے
اورآج اپنے نغموں سے شرمندہ ہوں
اپنے شعروں کی حرمت سے ہوں منفعل
اپنے فن کے تقاضوں سے شرمندہ ہوں
اپنےدل گیر پیاروں سےشرمندہ ہوں

جب کبھی مری دل ذرہ خاک پر
سایہ غیر یا دست دشمن پڑا
جب بھی قاتل مقابل صف آرا ہوئے
سرحدوں پر میری جب کبھی رن پڑا
میراخون جگر تھا کہ حرف ہنر
نذر میں نے کیا مجھ سے جو بن پڑا

آنسوؤں سے تمھیں الوداعیں کہیں
رزم گاہوں نے جب بھی پکارا تمھیں
تم ظفر مند تو خیر کیا لوٹتے
ہار نے بھی نہ جی سے اتارا تمھیں
تم نے جاں کے عوض آبرو بیچ دی
ہم نے پھر بھی کیا ہےگوارا تمھیں


سینہ چاکان مشرق بھی اپنے ہی تھے
جن کا خوں منہ پہ ملنے کو تم آئے تھے
مامتاؤں کی تقدیس کو لوٹنے
یا بغاوت کچلنے کو تم آئے تھے
ان کی تقدیر تم کیا بدلتے مگر
ان کی نسلیں بدلنے کو تم آئے تھے

اس کا انجام جو کچھ ہوا سو ہوا
شب گئی خواب تم سے پریشاں گئے
کس جلال و رعونت سے وارد ہوئے
کس خجالت سے تم سوئے زنداں گئے
تیغ در دست و کف در وہاں آئے تھے
طوق در گردن و پابجولاں گئے

جیسے برطانوی راج میں گورکھے
وحشتوں کے چلن عام ان کے بھی تھے
جیسے سفاک گورے تھے ویت نام میں
حق پرستوں پہ الزام ان کے بھی تھے
تم بھی آج ان سے کچھ مختلف تو نہیں
رائفلیں وردیاں نام ان کے بھی تھے

پھر بھی میں نے تمھیں بے خطا ہی کہا
خلقت شہر کی دل دہی کےلیئے
گو میرے شعر زخموں کے مرہم نہ تھے
پھر بھی ایک سعی چارہ گری کیلئے
اپنے بے آس لوگوں کے جی کیلئے

یاد ہوں گے تمھیں پھر وہ ایام بھی
تم اسیری سے جب لوٹ کر آئے تھے
ہم دریدہ جگر راستوں میں کھڑے
اپنے دل اپنی آنکھوں میں بھر لائے تھے
اپنی تحقیر کی تلخیاں بھول کر
تم پہ توقیر کے پھول برسائے تھے

جنکے جبڑوں کو اپنوں کا خوں لگ گیا
ظلم کی سب حدیں پاٹنے آگئے
مرگ بنگال کے بعد بولان میں
شہریوں کے گلے کاٹنے آگئے

ٓاج سرحد سے پنجاب و مہران تک
تم نے مقتل سجائے ہیں کیوں غازیو
اتنی غارتگری کس کی ایما پہ ہے
کس کے آگے ہو تم سر نگوں غازیو
کس شہنشاہ عالی کا فرمان ہے
کس کی خاطر ہے یہ کشت و خوں غازیو

کیا خبر تھی کہ اے شپرک زادگاں
تم ملامت بنو گے شب تار کی
کل بھی غا صب کے تم تخت پردار تھے
آج بھی پاسداری ہے دربار کی
ایک آمر کی دستار کے واسطے
سب کی شہ رگ پہ ہے نوک تلوار کی

تم نے دیکھے ہیں جمہور کے قافلے
ان کے ہاتھوں میں پرچم بغاوت کے ہیں
پپڑیوں پر جمی پپڑیاں خون کی
کہ رہی ہیں یہ منظر قیامت کے ہیں
کل تمھارے لیئے پیار سینوں میں تھا
اب جو شعلے اٹھے ہیں وہ نفرت کے ہیں

آج شاعر پہ بھی قرض مٹی کا ہے
اب قلم میں لہو ہے سیاہی نہیں
خون اترا تمھاراتو ثابت ہوا
پیشہ ور قاتلوں تم سپاہی نہیں
اب سبھی بے ضمیروں کے سر چاہیئے
اب فقط مسئلہ تاج شاہی نہیں

ہماری فوج کا وقار


waqarحال ہی میں ہمارے نئے سپہ سالار کو اچانک فوج کا وقار خطرےمیں نظر آیا اور انہوں نے ایک بیان داغ دیا کہ فوج کے وقار کا ہر حال میں تحفظ کریں گے۔

لالا جی تب سے سوچ رہےہیں کہ جنرل صاحب فوج کا وقار کس چیز کو کہ رہے ہیں۔ہماری فوج بڑی دلچسپ فوج ہے۔

ہماری فوج کا وقار کس بات سے مجروح ہو جائے گا اور کس بات سے نہیں اس کا فیصلہ کرنا بہت مشکل ہے۔ مثال کے طور پر گزشتہ چند برسوں کے ان واقعات پر نظر ڈالیں:

  1. مہران بیس پر طالبان حملہ آور ہوتے ہیں۔ کئی گھنٹے وہاں لڑائی چلتی ہے۔ اربوں روپے کے اثاثے تباہ ہوتے ہیں جن میں ایک جدید طیارہ بھی شامل ہے۔ مگر ہماری فوج کی طرف سے وقار کے تحفظ کا کوئی بیان سامنے نہیں آتا۔
  2. کامرہ ائیر بیس پر حملہ ہوتا ہے۔ ویسا ہی تماشا لگتا ہے مگر ہماری فوج کے وقار کو کچھ نہیں ہوتا۔
  3. آئی ایس آئی کے دفاتر پر حملے ہوتے ہیں مگر ہماری فوج کے وقار کا بال بھی بیکا نہیں ہوتا۔
  4. حد تو یہ ہے کہ جی ایچ کیو پر حملہ ہوتا ہے تو ملک اسحٰق کو جنرل کیانی کے جہاز میں حملہ آوروں سے مذاکرات کے لئے لایا جاتا ہے۔ تاہم فوج کا وقار قائم و دائم رہتا ہے۔
  5. امریکی فوجی ہیلی کاپٹر افغانستان سے ایبٹ آباد تک آتے ہیں، اپنا مشن مکمل کر کے چلے جاتے ہیں ہماری فوج کا وقار مجروح نہیں ہوتا۔ (گر ہم مان لیں کہ وہاں اسامہ نہیں تھا، تب بھی اس بات سے انکار نہیں ہو سکتا کہ امریکی ہیلی کاپٹر ہمارے ملک میں آئے تھے اور چلے گئے، ہماری فوج کو پتہ بھی نہیں چلا۔ حالانکہ ہماری ایجنسیوں کو ہمارے سیاستدانوں کی نجی زندگی کی ہر تفصیلی بشمول اُن کی گرل فرینڈز، رکھیلوں اور رنڈیوں سے تعلقات کی تصاویر تک اکٹھی کر لی جاتی ہیں)۔
  6. چلیں یہ سارے واقعات تو سابقہ سپہ سالار کے دور میں ہوئے مگر ایف سی اہلکاروں کے گلے تو حال ہی میں کاٹے گئے۔ اُس وقت بھی وقار کے تحفظ کے حوالے سے کوئی بڑھک سننے کو نہیں ملی۔

وقار کا تحفظ اُس وقت یاد آیا جب پرویز مشرف کے خلاف کچھ سیاستدانوں نے اناپ شناپ بک دیا۔ بس جان کی امان کی درخواست کے ساتھ چھوٹی سی گزارش ہے کہ وقار سب اداروں کو ہوتا ہے۔ ملزموں کو اپنے ہسپتالوں میں چھپا کر رکھنے سے فوج کا وقار بلند نہیں ہوگا۔ دہشت گردوں کو پال کر فوج کا وقار بلند نہیں ہوگا۔ ملک کی خارجہ پالیسی پر بلا شرکتِ غیرے فیصلے کرنے سے فوج کا وقار بلند نہیں ہوگا۔ بنک چلانے، کھادیں اور سیمنٹ بنانے یا رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرنے سے فوج کا وقار بلند نہیں ہوگا۔ اگر سچ مچ آپ کو فوج کے وقار کا تحفظ مقصود ہے تو فوج کی توجہ واپس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی طرف موڑ دیجئے اور بس۔

آخری بات:

سیاستدان بھی ہوش کے ناخن لیں۔ عدالتوں کو اپنا کام کرنے دیں۔ غیر ضروری بڑھکیں مارنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک قیدی کو للکارنا کوئی بہادری نہیں اور "مرد کا بچہ بن” جیسے جملے نچلے درجے کے گلی محلے کے غنڈے بولتے ہیں۔ وفاقی حکومت کے وزیروں کو ایسی زبان زیب نہیں دیتی۔

جشنِ آزادی مبارک


کارٹون صابر نظر سے بغیر اجازت لئے استعمال کر لیا ہے۔

اس ملک میں آپ آزاد ہیں۔ جو چاہیں وہ کریں:

  • چاہیں تو موٹر سائیکل سے سائلنسر نکال کر سڑک پر دوڑائیں۔
  • چاہیں تو لوگوں کے گھروں اور گاڑیوں کے اندر پٹاخے چھوڑیں
  • چاہیں تو سپیکر پر ساری رات وعظ کر کے یا قرآن پڑھ کے سارے شہر کو زبردستی ثواب پہنچائیں۔
  • چاہیں تو جب مرضی گلی میں قنات لگا کر راستہ بند کر کے اپنے مہمانوں کی دعوت کر لیں۔
  • چاہیں تو جتنا مرضی اونچی آواز میں گانے بجا کر سارے محلے کو لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کریں
  • چاہیں تو کسی کو بھی کافر یا غدار قرار دے دیں
  • چاہیں تو جتنے مرضی شیعوں کو بسوں سے اتار کر،باقاعدہ شناختی کارڈ دیکھ کر ماریں،
  • چاہیں تو عیسائیوں کی پوری پوری بستیاں جلا دیں ،ہندوؤں کی لڑکیاں اغوا کر لیں،
  • چاہیں تو احمدیوں کی عبادت گاہوں میں گھُس کر جتنے مرضی احمدیوں کو مار ڈالیں
  • چاہیں توکسی بھی شخص پر توہینِ رسالت/قرآن کی بے حرمتی کا الزام لگا کر اُسے آگ لگا دیں۔
  • چاہیں تو قرآن ہاتھ میں پکڑ کر جھوٹ بولیں (اس پر قرآن کی بے حرمتی کا مقدمہ بھی درج نہیں ہوگا)
  • چاہیں تو کسی بھی عورت پر تیزاب پھینک دیں، اُس کی ناک کاٹ دیں، غیرت کے نام پر قتل کر دیں۔
  • چاہیں تو منتخب وزیراعظم کو گھر بھیج دیں (پھانسی لگانے پر بھی پابندی نہیں ہے)
  • چاہیں توناقابلِ تردید حقائق سے صاف مکر جائیں۔
  • چاہیں تو یوُ ٹرن لے لیں۔
  • چاہیں تو اپنی سارے مسائل کا ملبہ امریکہ پر ڈال کر خود بری الذمہ ہو جائیں۔
  • چاہیں تو جیسی مرضی پٹیشن لے کر سیدھے سپریم کورٹ چلے جائیں۔
  • چاہیں تو کسی بھی مقدمے میں سٹے آرڈر لے لیں اور باقی ساری زندگی مزے کریں۔

اور حد تو یہ ہے کہ:

  • چاہیں تو چیف جسٹس ہاؤس میں کمپنی کھول لیں۔