پچھلے کچھ عرصے میں لالاجی کے بارے میں یہ تاثر پیدا ہو گیا ہے کہ لالا جی پیپلز پارٹی کی خطاؤں کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور باقی سب پر سخت تنقید کرتے ہیں۔یہاں کچھ وضاحتیں ضروری ہو گئی ہیں۔
پہلی بات تو یہ کہ پی پی پی سے ہمدردی اس بات کی ہے کہ پچھلے چار برس میں سب نے پی پی پی کو پنچنگ بیگ (Punching Bag) بنا رکھا ہے۔ اور منتخب حکومت کو ہٹانے کا ہر حربہ آزما لیا گیا ہے۔ ایسے میں لالا جی کسی وردی والے، کالے کوٹ والے یا کسی چیف جسٹس کے ساتھ کھڑا نہیں ہوگا، بلکہ ان لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوگا جن کو اس ملک کے عوام نے منتخب کیا ہو۔
وحیدہ شاہ نے ایک سرکاری ملازمہ کے تھپڑ مارے تو ہم نے اس پر لعن طعن کی۔ مگر نوٹس صرف وحیدہ شاہ کا کیوں۔ وکیل سیشن جج کو تھپڑ مارے تو اُس پر نوٹس کیوں نہیں۔کیا سیشن جج اسی ریاست کا ملازم نہیں۔ دوہری شہریت کے حامل صرف پیپلز پارٹی کے ارکان تو نہیں، جعلی ڈگریوں والے صرف پیپلز پارٹی کے ارکان تو نہیں، سب کو کٹہرے میں کھڑا کریں، سب کو نا اہل قرار دیں تو لالاجی کو کوئی اعتراض نہیں۔ لالاجی پیپلز پارٹی کے ارکان کی غلط کاریوں کا دفاع نہیں کرتے، بلکہ قانون کے من پسند اطلاق پر تنقید کرتے ہیں۔
لالاجی چیف جسٹس کی بحالی کی تحریک میں شامل رہے۔ جب چیف جسٹس پہلی بار معطل ہوئے تو اگلے روز سپریم کورٹ کے سامنے لالا جی بھی موجود تھے۔ اُس روز چیف جسٹس کو سپریم کورٹ نہیں آنے دیا گیا، اور ان کے بال نوچے گئے۔ لالا جی کو آج بھی اس تحریک میں شمولیت پر کوئی افسوس نہیں کیوں کہ چیف جسٹس کو غیر قانونی طریقے سے ہٹایا گیا تھا۔حالانکہ اُس تحریک میں شامل کئی لوگ آج چیف جسٹس کے من پسند ازخود نوٹس اور سیاسی مسائل میں بے جا ٹانگ اڑانے کی عادت کو دیکھ کر افسوس کر رہے ہیں۔تاہم آج بھی اگرچیف جسٹس کوغیر قانونی طریقے سے ہٹایا گیا تو لالا جی اس کی مخالفت کریں گے۔
You must be logged in to post a comment.